اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی سطح تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے فروغ سمیت باہمی مفاد کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے زراعت، صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
جام کمال خان کے مطابق مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اور ترجیحی تجارتی نظام کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ اجلاس کے دوران دستخط کیے گئے پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بیلاروس ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، اسکلز ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل معیشت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ میں بھی تعاون بڑھائیں گے، جس سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کی دوستی باہمی احترام، مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے عزم کے ساتھ مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر تجارت نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے دسویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے بھی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس تک دوطرفہ اقتصادی تعاون کے مختلف منصوبوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔