تازہ ترین

شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا ایرانی قیادت کے نام خصوصی پیغام، محسن نقوی نے پہنچا دیا

0

تہران: پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

ملاقاتوں کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی قیادت کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے معاہدے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور اس معاملے پر ایرانی حکام کو اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں علاقائی امن و استحکام، بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے میں جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ پاکستانی قیادت کی جانب سے ایرانی حکام کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے مؤقف اور جاری کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔

محسن نقوی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے والے فیلڈ مارشل کی معاونت بھی کر رہے ہیں۔

پاکستان کے فیلڈ مارشل خلیجی ممالک، ایران اور امریکا کے اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ہونے والی پیش رفت پر مختلف فریقین سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی رابطوں کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اسلام آباد مسلسل مذاکرات، رابطہ کاری اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر زور دیتا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.