تازہ ترین

مجتبیٰ خامنہ ای کی مسلح افواج میں بڑی تبدیلیاں، 6 اہم تقرریوں کے احکامات جاری

0

تہران: ایران میں مسلح افواج کی قیادت اور کمانڈ اسٹرکچر میں اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جہاں سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے فوجی قیادت کے اہم عہدوں پر 6 اعلیٰ افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ ان تقرریوں کے تحت مسلح افواج، پاسداران انقلاب اور اس کی بحریہ سمیت اہم سیکیورٹی اداروں کی کمان میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کے اہم عہدوں پر 6 اعلیٰ فوجی افسران کی تقرریوں کے احکامات جاری کردیئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی کو مسلح افواج کا چیف آف اسٹاف مقرر کردیا گیا، جبکہ بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری کو ڈپٹی چیف آف اسٹاف کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاسداران انقلاب کا کمانڈر ان چیف مقرر کردیا گیا، جبکہ میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی کو پاسداران انقلاب کا ڈپٹی کمانڈر ان چیف مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ریئر ایڈمرل علی اعظمی کو پاسداران انقلاب کی بحریہ کا کمانڈر اور حسین طائب کو بسیج فورسز کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے محمد باقر ذوالقدر کو اپنا سیاسی مشیر اور ڈاکٹر محسن رضائی کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کردیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی نئی تصویر بھی جاری کی ہے، جس کے بعد ان کی جانب سے فوجی قیادت میں کی جانے والی حالیہ تبدیلیاں مزید توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.