تازہ ترین

خلیج عمان میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کی مال بردار جہاز پر فائرنگ

0

اسلام آباد: ایران کے قریب خلیج عمان میں ایک تجارتی جہاز کو امریکی فوجی کارروائی کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر نے مبینہ طور پر پاناما پرچم بردار مال بردار جہاز کے رڈر کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم فوری اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی فوج نے ایرانی بندرگاہوں کے گرد عائد بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی فوجی ہیلی کاپٹر نے پاناما پرچم بردار تجارتی جہاز کے رڈر یعنی پتوار کو نشانہ بنایا۔ رڈر جہاز کی سمت تبدیل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے اسے نشانہ بنانا جہاز کی نقل و حرکت محدود کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ جہاز نے ایرانی بندرگاہوں کے گرد عائد امریکی بحری ناکہ بندی پر مامور اہلکاروں کی وارننگز کو نظر انداز کیا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی۔

برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وینگارڈ اور دیگر بحری سلامتی کے ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر کی کارروائی کا نشانہ بننے والے جہاز کی شناخت ویلا نوا (Vela Nova) کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز خلیج عمان میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 71 ناٹیکل میل دور تھا، جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ سمندری سلامتی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کو میزائل لگنے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم بعد ازاں آگ پر قابو پالیا گیا۔

واقعے کے ابتدائی مرحلے میں اسے میزائل حملہ قرار دیا جا رہا تھا، تاہم بعد میں امریکی ذریعے نے بتایا کہ جہاز کو امریکی فوجی ہیلی کاپٹر نے نشانہ بنایا تھا۔ اس تضاد کے باعث واقعے کی مزید تفصیلات ابھی واضح ہونا باقی ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق حملے کے بعد جہاز کے عملے کو ایک دوسرے شہری بحری جہاز پر منتقل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

واقعے میں فوری طور پر کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ بعض ابتدائی رپورٹس میں جہاز پر موجود 17 افراد کے محفوظ ہونے کی بھی اطلاع دی گئی ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.