روس کا یوکرین پر بڑا حملہ، اسپتال سمیت اہم تنصیبات متاثر
کیف: یوکرین کے روسی علاقوں پر حملوں کے بعد روس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یوکرین کے مختلف علاقوں کو میزائلوں، ڈرونز اور گائیڈڈ بموں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
علاقائی حکام کے مطابق زاپوریژیا میں روسی حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے، جبکہ دنیپروپیٹروسک کے علاقے میں ڈرون حملوں سے مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 5 زخمی ہوئے۔
دارالحکومت کیف میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق ایک بیلسٹک میزائل حملے سے گودام میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ بچوں کے ایک اسپتال کو بھی نقصان پہنچا۔
روسی حملے یوکرین کی جانب سے روسی علاقے میں کیے گئے ڈرون حملوں کے بعد ہوئے۔ روسی حکام کے مطابق پیر کی رات تاتارستان کے شہر نزہنکامسک میں ہونے والے حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے۔
یوکرین کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں روسی تیل و گیس کمپنی کی ملکیت تانیکو آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، جو یوکرین کی سرحد سے ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔