تازہ ترین

اقلیتیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں برابر کی شریک ہیں: شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی، ہندو، سکھ اور پارسی برادریوں نے اہم اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر میں اقلیتی برادریاں برابر کی شریک ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی کی آمد آمد ہے اور آج ہم ملک کی اقلیتی برادریوں کے لیے قومی دن منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں جہاں لاکھوں مسلمانوں نے ان کا ساتھ دیا، وہیں اقلیتی برادریوں نے بھی تعمیری کردار ادا کیا، جو تاریخ کا اہم حصہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 11 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح نے قانون ساز اسمبلی میں تاریخی خطاب کیا، جس میں واضح کیا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو مذہب سے قطع نظر مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے تاریخی خطاب کا ہر لفظ پاکستان کی آئینی اور قومی سوچ کا حصہ بن چکا ہے۔ اقلیتوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں قائداعظم کے ساتھ مل کر کردار ادا کیا اور پاکستان بننے کے بعد بھی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی صلاحیتیں، علم اور خدمات پیش کیں۔

وزیراعظم نے بالخصوص تعلیم کے شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کیتھیڈرل اسکول سے تعلیم حاصل کی، جبکہ ان کے بڑے بھائی نواز شریف نے سینٹ انتھونی اسکول اور ان کی بہن نے کانوینٹ آف جیزز اینڈ میری سے تعلیم حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں نے انہیں اور ملک کے دیگر شہریوں کو تعلیم فراہم کی اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا، ان سے وابستہ افراد اور برادریوں کا احترام نہ کرنا ناانصافی ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سکھ برادری نے بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ہندو برادری کی خدمات بھی قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارسی برادری نے ہمیشہ پاکستان میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزاری ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بسنے والے کروڑوں مسلمان اور اقلیتی برادریاں مل کر ملک کو مزید خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے اتحاد، بھائی چارے اور باہمی قربت کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام طبقات کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مقصد ملک کے ہر حصے میں تعلیم کو فروغ دینا ہے، جبکہ صحت کے شعبے میں بھی دن رات کام کرنے اور عوام میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علم، ٹیکنالوجی اور مہارتوں سے آراستہ اور بااختیار بنانا ہوگا تاکہ پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ مقابلہ کرسکے۔

خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی معاہدہ قائم ہوا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ امن، خوشحالی اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے ہے۔

وزیراعظم نے خلیجی خطے کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خطے میں امن قائم ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام، قرآن پاک اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن، بھائی چارے، برداشت اور انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.