اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے ساتھ اہم مذاکرات ہوئے، جس میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل، کسٹمز معاملات، ویٹ اسٹیشنز، ایکسل لوڈ پالیسی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ دو روزہ مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کے لیے متعدد فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کا اسلام آباد میں مذاکراتی اجلاس ہوا، جس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ 2 روزہ بات چیت کے بعد طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
کسٹمز اور ٹرانسپورٹرز کی مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی
وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر کسٹمز حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی کا مقصد ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کی نشاندہی، ان کی نگرانی اور مسائل کے بروقت حل کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرنا ہے۔
اجلاس میں کسٹمز حکام کے ساتھ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر کی ہدایت پر ایف بی آر کے سینئر حکام نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پیش کی گئی اہم تجاویز پر مشاورت مکمل کی۔
جدید ویٹ اسٹیشنز بنانے کا فیصلہ
عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ویٹ اسٹیشنز کے حوالے سے شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ تمام موٹرویز پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اسٹیٹ آف دی آرٹ ویٹ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جہاں کم سے کم انسانی عملہ استعمال ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد وزن کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ایکسل لوڈ کے مسئلے کو یونیفارم پالیسی کے تحت بنیادی سطح سے کنٹرول کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
میری ٹائم اور پورٹ حکام کی شرکت
وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انوار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو اہم امور پر تعاون اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
پورٹ اینڈ شپنگ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو متعلقہ معاملات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے بھی وزارت کے سینئر حکام کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی۔
اعلیٰ حکام اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کی شرکت
اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹرویز پولیس اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل سمیت مختلف امور پر مشاورت کی۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد میں ملک شہزاد اعوان، ناصر جعفری، اویس چوہدری، قمر الزمان، بختاور خان، شبر ملک اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔
مذاکرات کے اختتام پر گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے اسلام آباد میں مہمان نوازی اور مسائل سننے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹرانسپورٹرز نے تمام امور کو احسن انداز میں نمٹانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔