امریکی ریاست فلوریڈا میں طیارہ حادثہ، 9 افراد ہلاک
امریکی ریاست فلوریڈا میں نجی طیارے کے المناک حادثے کے نتیجے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرنے سے بڑے نقصان کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق لیک جیٹ 60 اتوار کی دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر پام بیچ کاؤنٹی میں حادثے کا شکار ہوا۔ طیارہ تیزی سے زمین کی جانب آیا اور ٹکراتے ہی زور دار دھماکے کے ساتھ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ حادثے کے مقام کے قریب ایک مصروف شاہراہ موجود تھی، جبکہ آگ کے شعلے قریبی گھروں تک پہنچنے سے بال بال بچ گئے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے میں موجود تمام 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی تحقیقات میں معاونت کی غرض سے ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی اور اس کی منزل بہاماس تھی۔ تاہم حادثے کی وجوہات اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔
حادثہ ملٹری ٹریل اور دسویں ایونیو نارتھ کے قریب پیش آیا، جس کے بعد پام بیچ کاؤنٹی شیرف آفس نے علاقے کی دونوں جانب سڑکیں بند کرکے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں، جبکہ مقامی خاتون کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں تقریباً دو گھنٹے تک بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔