تازہ ترین

لاہور کی فیملی کورٹ نے اداکار معمر رانا کی اہلیہ کو خلع کی ڈگری جاری کردی

0

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا کی ازدواجی زندگی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لاہور کی فیملی کورٹ نے ان کی اہلیہ مہناز معمر رانا کی درخواست پر خلع کی ڈگری جاری کردی۔

فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ درخواست گزار مہناز معمر رانا کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے عدالت میں دلائل پیش کیے۔

درخواست میں مہناز معمر رانا نے بتایا کہ ان کی شادی معمر رانا سے 24 اکتوبر 1998 کو ہوئی تھی اور اس ازدواجی تعلق سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ معمر رانا مبینہ طور پر شراب نوشی کے بعد ان کے ساتھ بدسلوکی، تشدد اور گالم گلوچ کرتے تھے۔ ان کے مطابق کئی مرتبہ بیٹیوں کے سامنے بھی انہیں نازیبا الفاظ کا سامنا کرنا پڑا، جس سے بچوں کو بھی ذہنی اذیت پہنچی۔

مہناز معمر رانا نے درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا کہ معمر رانا گھر کے اخراجات برداشت نہیں کرتے تھے اور اہلخانہ کی جانب سے معاملات بہتر بنانے کی متعدد کوششوں کے باوجود ان کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ معمر رانا نے علاج کروانے سے انکار کیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ مزید ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتیں، لہٰذا انہیں خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.