سوشل میڈیا تبصرے نہیں پڑھتی، اپنے کام پر توجہ دیتی ہوں، حریم فاروق
پاکستانی اداکارہ اور پروڈیوسر حریم فاروق نے اپنی نئی پنجابی فلم ’مینگو جٹ‘ کی تشہیر کے دوران پہنے گئے لباس پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کردیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ دوسروں کی باتوں پر وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی زندگی اور کام پر توجہ دیتی ہیں۔
فیصل قریشی کے ساتھ فلم ’مینگو جٹ‘ کی پروموشن میں مصروف حریم فاروق کے مختلف انداز اور لباس سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہے۔ حال ہی میں عمیر علوی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10 سال قبل ہی انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ دوسروں کی باتوں کی پروا نہیں کریں گی۔
حریم فاروق کے مطابق تنقید کرنے والے اور سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کرنے والے افراد ہمیشہ کچھ نہ کچھ کہتے رہیں گے، اس لیے ان کے تبصروں پر وقت ضائع کرنا بے فائدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصرے پڑھتی ہی نہیں اور اپنی توجہ کام پر مرکوز رکھتی ہیں۔