مالدیپ کی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئیں
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے سرکاری دورۂ پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر مالدیپ کی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا استقبال دفتر خارجہ کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی آج پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی، جبکہ صدر پاکستان ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے بھی علیحدہ ملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔