قلات میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح، 40 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
قلات: ضلع قلات میں پانچ سال تک کی عمر کے 40 ہزار 269 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا، جبکہ مہم 2 سے 5 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر سومار خان، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی جہانگیر زہری اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال نورزئی نے بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور ان کی انگلیوں پر نشانات لگائے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک نے ڈپٹی کمشنر کو مہم کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی 19 یونین کونسلز میں پانچ سال تک کی عمر کے 40 ہزار 269 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر تمام بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ایریا سپروائزرز کو ٹیموں کی مؤثر نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے والدین، سیاسی و سماجی کارکنوں، علمائے کرام، شعراء، ادباء اور صحافی برادری سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیو سے پاک معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔