حمیرا ارشد دمام، ریاض اور جدہ میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی
دمام: معروف پاکستانی گلوکارہ حمیرا ارشد سعودی عرب پہنچ گئی ہیں، جہاں دمام، ریاض اور جدہ میں منعقد ہونے والے ثقافتی اور موسیقی کے پروگراموں میں وہ دیگر پاکستانی فنکاروں کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔
دمام آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمیرا ارشد نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی محبت انہیں سعودی عرب لے آئی ہے۔ ان کے مطابق سمندر پار پاکستانی اپنے وطن سے گہری محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔
گلوکارہ نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والا ہر پاکستانی اپنے ملک کا سفیر ہے، اس لیے سب کو اپنے اچھے کردار اور رویے سے دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرنی چاہیے۔
پاکبان کے زیر اہتمام دمام، ریاض اور جدہ میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں حمیرا ارشد، ذیشان روکھڑی اور دیگر پاکستانی فنکار شرکت کریں گے۔