اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے میں اصلاحات تیز کرنے اور ٹرین کے سفر کو محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کے انتظامی، مالیاتی اور اصلاحاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو محکمے کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ریلوے کے نظام میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مال بردار ٹرینوں کی خدمات کو مؤثر بنانے اور مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے میں شفافیت، اصلاحات اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کو حکومت کی ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔