تازہ ترین

نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ، تعلیم پر توجہ دیں، گورنر بلوچستان

0

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور مستقبل کا قیمتی اثاثہ ہیں، اس لیے انہیں تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے مفاد میں استعمال کریں اور دیگر نوجوانوں کو بھی قومی دھارے میں لانے کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، لہٰذا نوجوان صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں۔ قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور پاکستان کے اجتماعی مفادات کو مقدم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم اور وظائف کی فراہمی میں طلبہ کی ضروریات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کی سرکاری جامعات کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی درجہ بندی اور اسکورنگ 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ قلم کی طاقت بندوق سے زیادہ ہے اور نوجوانوں کو تعلیم اور فکری جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔

پارلیمانی سیکریٹری نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ بلوچستان کی 70 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل اور سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے بھی نوجوانوں کی تعلیم، حوصلہ افزائی اور ترقی کے مواقع بڑھانے پر زور دیا۔

تقریب میں سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، میر نوراللہ لہڑی، ایم ایس ایف کے ضلعی صدر ہمایوں کاکڑ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.