تازہ ترین

وزیراعلیٰ بلوچستان کا منیر احمد اور اس کے بہن بھائیوں کی کفالت کا اعلان

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے ذریعے توجہ حاصل کرنے والے ڈھابے پر کام کرنے والے یتیم بچے منیر احمد، اس کے چار بہن بھائیوں اور والدہ کی مکمل کفالت کی ذمہ داری اٹھا لی ہے۔

وزیراعلیٰ سے منیر احمد نے ملاقات کی، جس میں میر سرفراز بگٹی نے بچوں کے حالاتِ زندگی اور مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بچوں کی تعلیم، تربیت اور محفوظ مستقبل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے منیر احمد، اس کے چھوٹے بھائی اور تین بہنوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیم کے ساتھ مناسب رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ معاشی مشکلات سے آزاد ہوکر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے پانچوں بچوں اور ان کی والدہ کی کفالت کی ذمہ داری خود اٹھاتے ہوئے متعلقہ عملے کو خاندان کی ضروریات پوری کرنے اور بچوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ذاتی اخراجات سے بچوں کے لیے گرم کپڑوں اور موسم سرما کی دیگر ضروری اشیا کی خریداری بھی کروائی۔

وزیراعلیٰ نے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے بے سہارا اور ضرورت مند بچوں کی تعلیم، تربیت اور بہتر زندگی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.