تازہ ترین

علماء کا خودکش حملوں اور دہشت گردی کے خلاف متفقہ اعلامیہ

0

کوئٹہ: مختلف مکاتب فکر کے علماء، روحانی رہنماؤں اور دیگر مذاہب کے نمائندوں نے خودکش حملوں، دہشت گردی، انتہا پسندی اور بے گناہ افراد کے قتل کے خلاف متفقہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پیغام پاکستان کے قومی بیانیے کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

نیشنل پیغام امن کمیٹی اور صوبائی پیغام امن کمیٹی بلوچستان کے زیر اہتمام جامعہ سلفیہ دعوت الحق میں اجلاس حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مولانا علی محمد ابوتراب، ڈاکٹر آصف میر، مفتی یوسف کشمیری، مولانا سید سمیع اللہ آغا، مولانا قاسم حقانی، علامہ نصراللہ حسینی، مفتی محمد جان قاسمی، مولانا حزب اللہ عثمانی اور دیگر علماء و مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مسیحی اور سکھ برادری کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

متفقہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام میں خودکش حملے حرام، بے گناہ افراد کا قتل ناجائز اور دہشت گردی اسلام سمیت تمام مذاہب کی بنیادی تعلیمات کے منافی ہے۔ کسی فرد، گروہ یا تنظیم کو مذہب، فرقے یا کسی نظریے کے نام پر خونریزی کرنے، ریاست کے خلاف مسلح کارروائیاں کرنے یا قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا حق حاصل نہیں۔

اعلامیے میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور طلبہ کو دہشت گردی اور خودکش حملوں کے لیے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے اقدامات مذہبی طور پر ممنوع، اخلاقی طور پر قابل مذمت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں۔ نوجوان نسل کو گمراہ کرکے دہشت گردی کی طرف دھکیلنے والوں کو پاکستان کے مستقبل اور انسانی زندگی کا دشمن قرار دیا گیا۔

اجلاس میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے، قومی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.