تازہ ترین

گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

0

ٹیکنالوجی: گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن شیئرنگ کے فیچر میں اہم تبدیلی متوقع ہے، جس کے بعد صارفین چیٹ سے باہر نکلے بغیر ٹریفک کی صورتحال دیکھ سکیں گے اور اپنی ضرورت کے مطابق نقشے کا انداز بھی تبدیل کرسکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق گوگل میسجز کے نئے بیٹا ورژن میں نقشے کے اوپری دائیں کونے میں ایک نیا آئیکون سامنے آیا ہے۔ اس پر کلک کرنے سے نقشے کے تین انداز، ڈیفالٹ، سیٹلائٹ اور ٹیرین منتخب کرنے کا مینیو کھلتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نقشے میں ’میپ ڈیٹیلز‘ کا الگ آپشن بھی موجود ہے، جس کے ذریعے حقیقی وقت میں ٹریفک کی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔ فی الحال گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن دیکھنے کے لیے صرف عام نقشہ دستیاب ہے، جس میں سیٹلائٹ یا ٹیرین کا انداز منتخب کرنے کی سہولت موجود نہیں۔

نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی لوکیشن شیئر کرتے یا کسی دوسرے شخص کی لوکیشن دیکھتے ہوئے نقشے کا انداز تبدیل کرسکیں گے۔ سیٹلائٹ نقشہ پارکنگ، اسٹیڈیم کے داخلی راستوں اور عمارتوں کے مختلف دروازوں جیسی جگہوں کی شناخت میں مدد دے سکتا ہے۔ اسی طرح ٹریفک کی تازہ صورتحال دیکھ کر اندازہ لگانا آسان ہوگا کہ راستے میں موجود شخص ٹریفک جام میں پھنسا ہے یا ابھی روانہ نہیں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل کی فائنڈ ہب سروس میں بھی نقشے کے مختلف انداز منتخب کرنے کی سہولت متعارف کرائی جاچکی ہے۔ اس سے قبل سامنے آنے والی معلومات کے مطابق گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن شیئرنگ کا نظام فائنڈ ہب سے منسلک ہے، جس کے باعث دونوں سروسز میں ملتے جلتے فیچرز شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

گوگل حالیہ عرصے میں میسجز کی ظاہری شکل اور استعمال کے طریقوں میں تبدیلیاں کررہا ہے۔ مجوزہ فیچر کا مقصد صارفین کو چیٹ کے اندر رہتے ہوئے لوکیشن اور ٹریفک سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.