پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا
راولپنڈی: پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کردیا۔ سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور شاہین شاہ آفریدی کی تین وکٹوں کی بدولت قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور صائم ایوب 7 جبکہ فخر زمان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ بابر اعظم نے 45 اور سعد بیگ نے 39 رنز بنائے۔ پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی اہم شراکت قائم کی، تاہم حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ عرفات منہاس نے 18 رنز بنائے اور سلمان کے ساتھ 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ آخری اوورز میں پاکستانی بیٹرز زیادہ رنز بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے اور پوری ٹیم 305 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے چار، اسیتھا فرنینڈو نے تین اور دلشان مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ محتاط انداز میں شروع ہوئی، لیکن اوشکا فرنینڈو 5 اور کپتان کوشل مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کمنڈو مینڈس نے 44 رنز بنائے، تاہم 91 رنز کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس موقع پر پوون رتنانائیکے نے 79 اور جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے کی کوشش کی، جبکہ داسن شناکا نے 28 رنز بنائے۔ تاہم پاکستانی بولرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرکے سری لنکن بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھا اور پوری ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔