تازہ ترین

خیبرپختونخوا سے چھ ماہ میں دہشتگردی ختم کرنے کا ہدف ہے، رانا ثنااللہ

0

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا سے دہشتگردی کا خاتمہ چھ ماہ کے اندر کردیا جائے گا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں، تاہم خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق ان کے سیاسی مؤقف سے اختلاف کیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بنیادی مسئلہ دہشتگردی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاستدان ہیں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں، تاہم گورنر راج کے معاملے پر اختلافِ رائے بھی سیاسی عمل کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے، اسی طرح حکومت کو بھی ان سے اختلاف کرنے کا حق ہے۔ رانا ثنااللہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کا احترام کے ساتھ جواب دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کے مسئلے کو دیگر سیاسی معاملات سے الگ رکھنا چاہیے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ نئے صوبوں، نہروں، پانی کی تقسیم اور انتظامی یونٹس جیسے اہم معاملات پر بات ہونی چاہیے، لیکن ان کے بقول پی ٹی آئی بار بار اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کا راستہ اختیار کرتی ہے۔

رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم بھی مسائل حل کرنا چاہتی تھی، تاہم پارٹی کے بعض افراد پس پردہ مذاکرات کو نقصان پہنچا رہے تھے۔ ان کے مطابق اگر پی ٹی آئی سیاسی سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کرتی تو عمران خان سے ملاقات اور مقدمات سے متعلق معاملات ایک ہفتے میں حل ہوسکتے تھے۔

خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں معدنیات کی مکمل نقشہ بندی نہیں ہوئی اور یہ بھی واضح نہیں کہ وہاں کون کون سے معدنی ذخائر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس معدنیات نکالنے کے لیے درکار وسائل اور ٹیکنالوجی بھی موجود نہیں، اس لیے مختلف معاملات کو آپس میں جوڑ کر سیاسی مؤقف پیش کرنا مناسب نہیں۔

رانا ثنااللہ نے آخر میں کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کا خاتمہ چھ ماہ کے اندر ممکن بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.