دوشنبے: پاکستان اور تاجکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، ثقافت اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے آفات سے نمٹنے کے شعبے میں پاکستان کے تجربے کو اجاگر کیا اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات پر بات کی۔ انہوں نے تاجک وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کرنے اور شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ حکومت کونسل کے اجلاس کے انتظامات پر شکریہ بھی ادا کیا۔
نائب وزیراعظم نے تاجکستان کو آزادی کی 35ویں سالگرہ پر مبارک باد دی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں جانب سے عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور آبی تحفظ کے معاملات میں مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے علاقائی امن اور معاشی انضمام کے فروغ کے لیے تاجکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔