بلوچستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے، بلال خان کاکڑ
لاہور: بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے کی جانب راغب کرنے کے لیے بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم 2026ء بدھ، 21 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہوگا۔ فورم میں بلوچستان کے قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین اور نائب صدر ذکی اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کے مطابق فورم کا انعقاد ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث دہشتگرد پسپا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ دہشتگردوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کو صوبے کی تاریخ میں غیر معمولی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے مالا مال ہے۔ معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک، ماہی گیری، توانائی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔
بلال خان کاکڑ کے مطابق وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے کی معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
اس موقع پر ذکی اعجاز نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور ایف پی سی سی آئی کے اشتراک کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان مؤثر تعاون صوبے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے اور پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔