تازہ ترین

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا بلوچستان یونیورسٹی کی زیرِ تعمیر آئی ٹی لیب کا دورہ

0

کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی میں طلبہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے زیرِ تعمیر ای کامرس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب کا منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے لیب کا دورہ کرکے تعمیراتی کام، دستیاب سہولیات اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور اس کی تکمیل سے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور عملی تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے لیب میں تعمیراتی کام اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

مہراللہ بادینی نے منصوبے میں معیار کو برقرار رکھنے اور تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے جاری کام کی مؤثر نگرانی ضروری ہے۔

جدید ای کامرس اور آئی ٹی لیب کے قیام کا مقصد طلبہ کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تجارت اور جدید کاروباری طریقوں سے روشناس کرانا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے طلبہ اپنی تعلیمی معلومات کو عملی مہارتوں میں تبدیل کرنے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو سمجھنے اور ای کامرس کے جدید طریقے سیکھنے کے قابل ہوسکیں گے۔

ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد لیب کو تعلیمی اور عملی سرگرمیوں کے لیے استعمال میں لانے سے طلبہ اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.