وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مکہ دفاعی معاہدے کو امن کے فروغ کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد جنگ نہیں بلکہ خطے میں استحکام اور امن کو مضبوط بنانا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ خطے کے لیے انتہائی مشکل رہے اور امریکا و ایران کے درمیان جنگ نے پوری دنیا کو تشویش میں مبتلا کیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے کشیدگی ختم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ذاتی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئیں اور مذاکرات کے لیے راستہ کھلا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بھی فیلڈ مارشل کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے ہمت نہیں ہاری، جبکہ پاکستان اور قطر نے امن کے قیام کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن صرف ایک ملاقات سے حاصل نہیں ہوسکتا، بلکہ اس کے لیے مسلسل کوششوں اور رابطوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی خواہش ہے کہ مستقبل کی دنیا جنگوں سے پاک ہو اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔