ٹرمپ کا حوثیوں کے خلاف کارروائی کے لیے اردوان سے بات کرنے کا عندیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثی گروپ کے خلاف کارروائی کے معاملے پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے رابطہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حوثی سعودی عرب کے مفادات کو نشانہ بنا کر انتہائی نامناسب رویہ اختیار کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ ترک صدر اردوان سے حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ امریکی صدر نے حوثیوں پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ امریکی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی دانستہ کوشش کر رہے ہیں۔
ان کے بقول انہیں توقع تھی کہ حوثی ایک سال قبل ہونے والی شدید امریکی بمباری کے بعد سبق سیکھ چکے ہوں گے، تاہم سعودی عرب کے خلاف حملوں کے تناظر میں انہوں نے ان کے طرزِ عمل پر تنقید کی۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا جلد ایران کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گا۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان میں اس فیصلے کی نوعیت یا ممکنہ اقدامات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔