تازہ ترین

پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

0

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان ان سمیت پوری قوم کا فخر ہیں اور  انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری اور پاکستانی نوجوانوں کے وفود نے الگ الگ ملاقاتوں میں پاکستان کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، صحت، کاروبار اور سماجی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی نوجوانوں کے وفد میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار اور مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شریک تھے۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بطور خادمِ پنجاب باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور وظائف کی فراہمی جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جو بطور خادمِ پاکستان بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی نوجوانوں نے نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.