تازہ ترین

میکلمور کا فلسطینیوں کیلئے ایک ملین ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان

0

واشنگٹن: فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکی ریپر میکلمور نے ایڈ شیرن کے میوزک ٹور سے حاصل ہونے والی اپنی ایک ملین ڈالر کی خالص آمدن عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میکلمور کے مطابق یہ رقم فلسطینیوں کی مدد کرنے والی چھ تنظیموں کے ذریعے انسانی امداد کے لیے استعمال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ تنازع پر گفتگو کو اپنی ذات کے بجائے فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کی جانب واپس لانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق اختلافات کے باوجود اس بات پر اتفاق ہونا چاہیے کہ فلسطینیوں کی جانیں بھی تحفظ کی مستحق ہیں۔

میکلمور نے کاروباری شخصیت رابرٹ کرافٹ سے بھی اپیل کی کہ وہ اس عطیے کے برابر رقم فلسطینیوں کی امداد کے لیے دیں۔ تاہم کرافٹ کے مطابق انہیں پہلے ہی خطے کے لیے 20 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد میں حصہ لینے کی درخواست کی جا چکی ہے۔

میکلمور کے مطابق عطیہ فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ، ہیل فلسطین، غزہ سوپ کچن، میڈیکل ایڈ فار فلسطین، یو این آر ڈبلیو اے امریکا اور اینیرا کے ذریعے فلسطینیوں تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف مالی امداد اس بحران کا مکمل حل نہیں بلکہ ان حالات کے بنیادی اسباب سے نمٹنے کے لیے سیاسی تبدیلی کی بھی ضرورت ہے۔

یہ اعلان میکلمور کی جانب سے فلسطین کے حق میں اظہارِ خیال کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں ایڈ شیرن کے دورے کی باقی امریکی تقریبات سے الگ کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.