راولپنڈی: لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے پاکستان کے 2 روزہ دورے کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اہم گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و لبنان کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔