تازہ ترین

کابل سے خلیج تک فضائی رابطہ آسان، پی آئی اے اور کام ایئر کا معاہدہ

0

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور افغانستان کی کام ایئر کے درمیان انٹر لائن تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد افغان مسافروں کیلئے اسلام آباد کے راستے مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے اہم مقامات تک سفر مزید آسان ہوجائے گا۔

معاہدے کے تحت افغانستان کو اسلام آباد کے ذریعے مشرق وسطیٰ کے اہم شہروں سے جوڑنے کیلئے مربوط ٹرانزٹ روٹ قائم کیا گیا ہے، جس سے افغان مسافروں کو علاقائی فضائی سفر میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق مسافر اپنے مکمل سفر کی بکنگ ایک ہی ریزرویشن پر کرا سکیں گے اور انہیں سفر کے مختلف مراحل کیلئے الگ الگ ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس سہولت کے تحت مسافروں کا چیک اِن سامان کابل سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد براہ راست پی آئی اے کی کنیکٹنگ پرواز میں منتقل کردیا جائے گا، جس کے باعث مسافروں کو اسلام آباد میں اپنا سامان وصول کرکے دوبارہ چیک اِن کرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

معاہدے کے تحت خلیجی ممالک جانے والے افغان مسافر پاکستان میں امیگریشن کلیئرنس کے بغیر بھی اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے، تاہم اس کیلئے انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ کے دوران ایئر سائیڈ کی حدود میں رہنا ہوگا۔

تعاون کے پہلے مرحلے میں کابل، اسلام آباد اور دمام کے درمیان فضائی روٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس سے افغانستان سے مشرقی سعودی عرب جانے والے مسافروں، خصوصاً وہاں کام کرنے والے افغان شہریوں اور تارکین وطن کو سہولت ملے گی۔

ایئرلائنز نے دوسرے مرحلے میں اس سہولت کو خلیج کے مزید اہم اور زیادہ طلب والے مقامات تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ ان مقامات میں مدینہ منورہ، مسقط اور العین شامل ہیں، جہاں مذہبی سفر کرنے والے افراد، کارکنوں اور کاروباری مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں گی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق یہ شراکت داری افغان مسافروں کیلئے علاقائی فضائی رابطوں کو مزید وسعت دے گی، جبکہ اسلام آباد کو جنوبی اور مغربی ایشیا کے درمیان ایک اہم فضائی ٹرانزٹ مرکز کے طور پر استعمال کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.