کوئٹہ میں پکنک منانے والا نوجوان مبینہ فائرنگ سے قتل، 4 مسلح افراد فرار
کوئٹہ: شالکوٹ تھانے کی حدود میں سجاول آباد ڈیم اور مغربی بائی پاس کے قریب پہاڑی علاقے میں پکنک منانے والے نوجوان کو مبینہ طور پر چار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ ملزمان نوجوان کا موبائل فون اور 19 ہزار روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز سجاول آباد ڈیم کے قریب پیش آیا، جہاں رضا خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پکنک منانے گئے تھے۔ نوجوان اور ان کے ساتھی پہاڑی علاقے میں کھانا کھا رہے تھے کہ اس دوران چار نامعلوم مسلح افراد وہاں پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے وہاں موجود افراد سے پوچھ گچھ کی، جبکہ ایک مسلح شخص رضا خان کے ساتھیوں میں سے ایک کو اپنے ہمراہ پہاڑی سے نیچے کی جانب لے گیا۔ اسی دوران مبینہ طور پر ہاتھا پائی ہوئی اور بعد ازاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں رضا خان شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر رضا خان کا موبائل فون اور 19 ہزار روپے نقدی بھی اپنے ساتھ لے گئے اور موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات، ملزمان کی شناخت اور فائرنگ کے اصل حقائق جاننے کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔