اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار اولارا اوتونو کی اسحاق ڈار سے ملاقات
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے یوگنڈا کے سابق وزیراعظم اور صدر کے خصوصی نمائندے عالی روحکانا روگونڈا کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور کثیر الجہتی نظام کو درپیش مختلف چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کثیر الجہتی نظام کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ عالمی سطح پر طے پانے والے معاہدوں اور فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے اس نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے بین الاقوامی قوانین کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خاص طور پر فلسطین اور جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت اجاگر کی۔
نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل موجودہ دور کے پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارے کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
ملاقات میں عالمی امن و سلامتی، بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال اور کثیر الجہتی تعاون کو درپیش مشکلات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر سفیر اولارا اوتونو نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے دیرینہ کردار کو سراہا، بالخصوص اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی اہلکاروں کی خدمات کی تعریف کی۔
انہوں نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
ملاقات کے دوران یوگنڈا کے سابق وزیراعظم اور صدر کے خصوصی نمائندے عالی روحکانا روگونڈا نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو یوگنڈا کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عالمی امن، سلامتی اور کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کے لیے سفارتی رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔