حبا فواد چوہدری کے کاکڑ قبیلے سے تعلق کا دعویٰ بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد چوہدری کے کاکڑ قبیلے سے تعلق کے دعوے پر قانونی اعتراض سامنے آگیا ہے، جسے بلوچستان ہائیکورٹ میں آئینی درخواست کے ذریعے چیلنج کردیا گیا ہے۔
درخواست گزار صاحبزادہ نثار احمد نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حبا فواد چوہدری کا تعلق پنجاب کے چوہدری خاندان سے ہے، جبکہ انہوں نے سوشل میڈیا پر خود کو کاکڑ قبیلے سے تعلق رکھنے والی ظاہر کیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نادرا ریکارڈ کے ذریعے حبا فواد چوہدری کی شناخت اور کوائف کی تصدیق کرائی جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نادرا کو حبا فواد چوہدری کے شناختی کارڈ کا ریکارڈ تبدیل کرنے سے روکا جائے۔ اس کے علاوہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے مزید استدعا کی ہے کہ حبا فواد چوہدری کو بلوچستان کا لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کاکڑ قبیلے سے تعلق کی بنیاد پر لوکل اور ڈومیسائل حاصل کرنے سے قبیلے کے مقامی باشندوں کے حقوق متاثر ہوسکتے ہیں۔
درخواست گزار نے حبا فواد چوہدری کے کاکڑ قبیلے سے تعلق کے دعوے کو غیر قانونی قرار دینے کی بھی استدعا کی ہے۔