اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا تاکہ اس پر مؤثر بحث اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ایسی غیر ضروری بیان بازی سے گریز کیا جائے جس سے معاملات بہتر ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث پارلیمنٹ میں ہو، جہاں تمام سیاسی جماعتیں اپنا مؤقف پیش کرسکیں اور ملک و قوم کے مفاد میں ایسے فیصلے کیے جاسکیں جن سے عام شہریوں کے مسائل حل ہوں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی جانب سے نظام کی تباہی سے متعلق بیان کے بعد بحث کا رخ تبدیل ہوگیا اور معاملے پر اس انداز میں مؤثر گفتگو نہیں ہوسکی جس کی ضرورت تھی۔ بعد ازاں سندھ اسمبلی کی جانب سے ردعمل سامنے آیا اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس معاملے پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مختلف معاملات کو یکجا کرکے اپنے مؤقف کو بھی الجھا دیا، کبھی حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، کبھی آئینی ترامیم اور کبھی اسمبلی کی نشستوں کا معاملہ اٹھایا جاتا ہے۔
مشیر وزیراعظم کے مطابق اسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم اور صدر مملکت کو گزشتہ روز ملاقات کرنا پڑی، جس میں اتفاق کیا گیا کہ غیر ضروری بحث اور ایسی بیان بازی سے اجتناب کیا جائے جس سے سیاسی معاملات مزید خراب ہوں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے تقریباً پانچ سے چھ ماہ قبل نئے صوبوں کی بحث شروع کی تھی، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان سے اس معاملے پر کسی نے بات نہیں کی۔ ان کے بقول محسن نقوی اکثر ایوان صدر میں موجود ہوتے ہیں اور وزیراعظم کے ہمراہ صدر مملکت سے ملاقاتوں کے دوران بھی وہاں موجود ہوتے ہیں، اس لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ اس معاملے پر بلاول بھٹو زرداری یا آصف علی زرداری سے کوئی بات نہ ہوئی ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقوں کو اپنی رائے دینے کا موقع مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ بحث محسن نقوی نے شروع کی تھی، اس لیے انہیں ہی اسے پارلیمنٹ میں لے کر آنا چاہیے۔