پاکستان میں سائبر حملوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران 94 لاکھ سے زائد ڈیوائس اور ویب پر مبنی حملوں کا پتا چلا ہے۔ سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے مطابق اس عرصے میں صارفین کو مختلف ڈیجیٹل خطرات کا سامنا رہا، تاہم اس کے سیکیورٹی نظام نے متعدد حملوں کو بروقت روک لیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر کیسپرسکی نے پاکستان سے متعلق اپنے سیکیورٹی نیٹ ورک کے اعداد و شمار جاری کیے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران کمپنی کے 24 فیصد پاکستانی صارفین کو ڈیوائسز پر ہونے والے سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 15 فیصد صارفین ویب پر مبنی خطرات سے متاثر ہونے کے قریب پہنچے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس دوران پاکستان میں 63 لاکھ سے زائد ڈیوائسز پر حملوں اور 31 لاکھ سے زیادہ ویب پر مبنی حملوں کا پتا لگایا گیا۔ ویب پر مبنی خطرات میں فشنگ حملے اور نقصان دہ ویب سائٹس کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا چرانے یا متاثر کرنے کی کوششیں شامل تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایکسپلائٹس ملک میں میل ویئر کی عام اقسام میں شامل ہیں، جن کے ذریعے 4 لاکھ 48 ہزار سے زائد حملے ریکارڈ کیے گئے۔ تاہم گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ان حملوں کی تعداد میں 8 فیصد کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب بیک ڈور حملوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ایسے حملوں کے ذریعے ہیکرز متاثرہ کمپیوٹر تک دور سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں، فائلوں کا انتظام سنبھال سکتے ہیں اور اہم معلومات چوری کر سکتے ہیں۔
کیسپرسکی کے مطابق رینسم ویئر مخصوص اہداف کو نشانہ بناتا ہے، تاہم اداروں کے لیے اب بھی سنگین خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ سپلائی چین حملوں اور قابل اعتماد کاروباری روابط کے ذریعے کیے جانے والے سائبر حملوں سے تحفظ بھی ضروری ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کیسپرسکی نے پاکستان میں سات سائبر حملہ آور گروپس کی سرگرمیوں پر نظر رکھی، جن میں سائیڈ ونڈر بھی شامل ہے۔ کمپنی کے سیکیورٹی سلوشنز نے اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران دنیا بھر میں ہیکنگ ٹولز کے استعمال کی 20 لاکھ سے زائد کوششوں کا پتا لگایا۔
کیسپرسکی کے مطابق سائبر حملہ آور اپنی کارروائیوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال بھی بڑھا رہے ہیں۔ اے آئی کی مدد سے نقصان دہ ٹولز تیار کرنے اور انہیں بدلتے حالات کے مطابق ڈھالنے میں وقت اور لاگت کم ہو جاتی ہے، جس سے حملہ آور زیادہ تیزی سے اپنی حکمت عملی تبدیل اور بڑے پیمانے پر حملے کر سکتے ہیں۔
کیسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالیسس ٹیم کے سینئر سیکیورٹی ریسرچر یوسف عبدالمنعم نے کہا کہ سائبر حملہ آور اپنے حملوں کو مؤثر بنانے کے لیے قابل اعتماد کاروباری روابط، جائز ٹولز اور جدید ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے اداروں پر زور دیا کہ وہ جدید سائبر سیکیورٹی سلوشنز استعمال کرنے کے ساتھ ملازمین کی تربیت اور آگاہی پر بھی سرمایہ کاری کریں تاکہ عملہ ممکنہ خطرات کو پہچان سکے۔ ان کے مطابق سائبر حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے پیشگی اقدامات اور انٹیلی جنس پر مبنی حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔