چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت معاشی بحالی کی ضرورت ہے اور معاشی بحران سے نکلنے تک حکومت کی تمام تر توجہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا معاشی ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
کراچی میں جمعہ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے، جبکہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں حکومت کا کوئی دوسرا ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جنگ اور خطے کی مجموعی صورت حال کے باعث ہر پاکستانی پریشان ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں اس قدر مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا اور خدشہ ظاہر کیا کہ معاشی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اور سیاستدان موجودہ بحران میں عوام کو معاشی ریلیف دینے پر توجہ دے رہے ہیں، تاہم انہیں افسوس ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینا بند کر دیا ہے۔ معاشی بحران سے نکلنے تک کسی دوسرے ایجنڈے کو ترجیح نہیں دی جانی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا ایجنڈا محدود معاشی وسائل میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی مشکلات کم کرنا ہے، اس لیے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی پیپلز پارٹی کے منشور کو اپنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات، مہنگائی اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فیصلے کیے ہیں۔ سندھ میں مشکل معاشی حالات کے باوجود 10 لاکھ گھر تعمیر کیے گئے تاکہ متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بھی عوام کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں عالمی معیار کے طبی ادارے قائم کیے گئے ہیں اور مستحق افراد کو مہنگے علاج کی سہولتیں بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں دل کے علاج کے لیے لوگوں کو بیرون ملک جانا پڑتا تھا، لیکن اب سندھ میں معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک وقت میں ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا، تاہم محنت اور کوششوں سے ملک کو اس صورت حال سے بچایا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنایا ہے اور ان کی دعا ہے کہ شہباز شریف پہلے وزیراعظم ہوں جو اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اپنا معاشی ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ وزیراعظم جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو درمیان میں کوئی وزیر اپنا منصوبہ پیش کر دیتا ہے، جس سے معاشی منصوبہ بندی متاثر ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے بقول وزیراعظم کو تمام جماعتوں کو بلا کر مشترکہ منصوبہ بنانے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کی اولین ترجیح ملک کو معاشی بحران سے نکالنا، مہنگائی اور غربت پر قابو پانا، بے روزگاری کم کرنا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہونی چاہیے۔