اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی الزامات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو مبینہ طور پر جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور بھارت کو ان معاملات پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جو ریاست اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں، ہمسایہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی معاہدوں کی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتی ہو، اسے دوسروں پر الزامات عائد کرنے سے پہلے اپنے طرزِ عمل کا جائزہ لینا چاہیے۔
ترجمان نے بھارت پر اپنی مسلم، سکھ، عیسائی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیاز کی سرپرستی، غلط معلومات پھیلانے اور دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ایسے خطے پر قابض ہے جس کے عوام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید الزام عائد کیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی ملوث ہے۔ ان کے مطابق پاکستان متعدد بار دہشت گردی میں بھارت کے مبینہ کردار پر اپنے تحفظات اٹھا چکا ہے۔
ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ میں الزامات اور بیانات کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے بھارت کو اپنا محاسبہ کرنا اور اپنے رویے میں تبدیلی لانی چاہیے۔