میران شاہ: چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف بہادر صفِ اول کی فورس قرار دیتے ہوئے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتِ حال، انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں اور علاقے میں پائیدار امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف ایک بہادر صفِ اول کی فورس قرار دیتے ہوئے اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پولیس کی خدمات اور فتنہ الخوارج کے خلاف اس کی جدوجہد کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کرنے والی سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ اور خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
دورے کے دوران انہیں انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں، انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں دیرپا امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ میران شاہ آمد پر پشاور کور کے کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2022 میں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں اور سابق قبائلی اضلاع کے متعدد دورے کر چکے ہیں۔ اپریل 2024 میں انہوں نے میران شاہ اور سپن وام کا دورہ کیا تھا، جہاں جوانوں کے ساتھ عیدالفطر منانے کے علاوہ آپریشنل تیاریوں اور پاک افغان سرحد کی سکیورٹی پر بریفنگ لی تھی۔ اس سے قبل دسمبر 2022 میں بھی انہوں نے میران شاہ کا دورہ کیا تھا۔ حالیہ دورہ ان کے آرمی چیف کی حیثیت سے شمالی وزیرستان کے تیسرے رپورٹ شدہ دورے کے طور پر سامنے آیا ہے۔
شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ 14 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے میر علی، دتہ خیل اور علی خیل کے علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران دو افغان شہریوں سمیت 16 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جبکہ اس دوران دو اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔
اس سے ایک روز قبل خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 74 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا، جن میں 35 میر علی اور 8 اورکزئی میں مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کارروائیوں کے دوران مزید 22 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جن میں 15 کا تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتِ حال حکومت کے لیے بدستور تشویش کا باعث ہے۔ اکتوبر میں وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی دو سکیورٹی رپورٹس کے مطابق مارچ 2024 سے ستمبر 2026 کے دوران صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں 195 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2026 کے دوران صوبے میں ہونے والے 73 فیصد حملوں کا ہدف پولیس اور سکیورٹی اہلکار تھے، جبکہ ڈرونز اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کا استعمال بھی ایک بڑھتا ہوا خطرہ بن کر سامنے آیا ہے۔
4 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے سول ملٹری اجلاس میں خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ بڑھانے اور بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔