تازہ ترین

فتح تھری میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی دفاع میں اہم سنگ میل ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاک فوج کی جانب سے فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے کو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے پوری قوم، پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت، قومی خود انحصاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک انتہائی درستگی اور سپرسونک رفتار سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتح تھری کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ یہ پیش رفت پاکستان کے روایتی دفاعی نظام اور مؤثر دفاعی بازدارندگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور ملکی دفاع کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ دفاعی حکمت عملی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ فتح تھری کا کامیاب تجربہ بھی اسی تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس کامیابی پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور افواج پاکستان کی قیادت کی جانب سے متعلقہ اداروں اور ٹیموں کی خدمات کو سراہنے کے اقدام کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی دفاع کے شعبے میں سائنسدانوں، انجینئرز اور عسکری ماہرین کی محنت اور لگن ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط دفاع، قومی یکجہتی اور جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ذریعے پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتا رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.