تازہ ترین

بلوچستان میں کاروباری رکاوٹیں ختم کرکے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنائیں گے، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کم کرکے انہیں جدید تعلیم اور فنی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام صوبے کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان میں 21 سال بعد حکومتی سطح پر منعقد ہونے والی اس ایکسپو کا افتتاح وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کیا۔

تقریب میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر، میاں زاہد حسین، پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سردار عمر گورگیج، کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر احمد گل کاکڑ، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ایکسپو میں بلوچستان سمیت ملک بھر کی 100 سے زائد کمپنیوں، صوبائی محکموں اور وفاقی ریگولیٹری اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے، جہاں مختلف کاروباری شعبوں، مصنوعات، صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ شہریوں اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایکسپو کا بنیادی مقصد بلوچستان کی کاروباری برادری کو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ براہ راست روابط، کاروباری اشتراک اور حکومتی اداروں سے مؤثر رابطے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کے انعقاد میں جامعات، بالخصوص بیوٹمز، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور صوبے کی کاروباری برادری کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے مجموعی رقبے کا تقریباً 47 فیصد حصہ رکھتا ہے، تاہم صوبے کو بنیادی ڈھانچے، صنعتی ترقی اور کاروباری سہولیات کے حوالے سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ان مسائل سے آگاہ ہے اور عملی اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ صوبائی حکومت وفاق کے اشتراک سے اہم شاہراہوں، تجارتی راہداریوں اور سکیورٹی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے سکیورٹی کے شعبے میں وسائل مختص کیے جا رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان، سکیورٹی فورسز اور پاک فوج ان کے جان و مال اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ بوستان، حب اور بیلہ سمیت مختلف صنعتی علاقوں میں سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں سرخ فیتہ اور غیر ضروری دفتری پیچیدگیاں بڑی رکاوٹ ہیں۔ حکومت ون ونڈو آپریشن اور آئی ٹی پر مبنی سہولیات کو مؤثر بنا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ضروری خدمات میسر آسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں برداشت نہیں کرے گی۔

نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بلوچستان کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔ حکومت کا مقصد انہیں بااختیار بنانا اور ان کی صلاحیتوں کو معاشی ترقی کے عمل سے جوڑنا ہے۔ اس مقصد کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروبار اور روزگار کے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا تمام نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم نہیں کرسکتی، بلکہ اس کا بنیادی کردار ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نجی شعبہ ترقی کرے، صنعتیں قائم ہوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کاروباری برادری اور صنعتی اداروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو روزگار اور تربیت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں۔

وزیراعلیٰ نے جامعات اور صنعتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ طلبہ کو تعلیم کے دوران ہی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق عملی تربیت مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو صرف سرکاری ملازمتوں کے انتظار تک محدود رکھنے کے بجائے کاروبار، ہنرمندی اور نجی شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ جامعات کو تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی کورسز کو فروغ دینا چاہیے۔

میر سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مواقع کی تقسیم کے لیے باقاعدہ طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے، جس میں ان علاقوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے جہاں سرحدی تجارت اور غیر قانونی معاشی سرگرمیوں پر انحصار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ جیسے سرحدی اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی، تاکہ قانونی تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ مقامی آبادی کے معاشی مسائل بھی حل کیے جاسکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت انتظامی اخراجات میں کمی اور ترقیاتی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومت، سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور تعلیمی اداروں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

انہوں نے ایکسپو کے انعقاد پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ BITE 2026 صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے امکانات پیدا کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.