اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عوامی ضرورت اور خواہش کے مطابق آئینی طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے۔ ایک صوبے میں نئے صوبے کے قیام کی بات ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ دوسرے صوبوں میں بھی لازمی طور پر نئے صوبے بنائے جائیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صوبے کو تقسیم کرنے کی بات نہیں کر رہی بلکہ عوامی فلاح کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم اس مقصد کے لیے آئینی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نئے صوبے کا مطالبہ کئی برس پرانا ہے اور یہ معاملہ 2013، 2018 اور 2024 کے انتخابات میں بھی زیر بحث رہا۔ جنوبی پنجاب محاذ نے گزشتہ انتخابات میں اسی مطالبے کے تحت حصہ لیا تھا، جبکہ پنجاب اسمبلی بھی جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حق میں قرارداد منظور کرچکی ہے، جس کی مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے حمایت کی تھی۔ پیپلز پارٹی بھی اس قرارداد کی حامی تھی۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب اسمبلی دوبارہ اس قرارداد کی توثیق کرتی ہے تو پیپلز پارٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جب یہ قرارداد منظور ہوئی تھی تو اسے وفاقی اسمبلی میں بھی پیش کیا جاسکتا تھا تاکہ اس معاملے پر مزید پیش رفت ہوتی۔
انہوں نے جنوبی پنجاب اور کراچی کی صورتحال میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما نئے صوبے کے حامی ہیں، جبکہ کراچی میں ایم کیو ایم اردو بولنے والی برادری کی نمائندگی کرتی ہے، تاہم وہ اس برادری کی واحد نمائندہ جماعت نہیں۔ کراچی میں اردو بولنے والوں کے علاوہ پشتون، بلوچ، پنجابی اور سندھی آبادی بھی آباد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی برادری یا گروہ کو نئے صوبے کا مطالبہ کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم اسے دیگر لوگوں کو بھی اپنے مؤقف پر قائل کرنا ہوگا۔ سندھ میں نئے صوبے کے قیام کے لیے اتفاق رائے پیدا ہونے کی صورت میں ہی اس معاملے پر پیش رفت ممکن ہے۔ یہ کوئی اصول نہیں کہ ایک جگہ نیا صوبہ بنے تو دوسری جگہ بھی لازماً بنایا جائے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ابتدا سے آئین پر عمل درآمد کی حمایت کرتی آئی ہے۔ یہ ایک حساس معاملہ ہے جس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، زور زبردستی سے کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بلاول بھٹو زرداری نے خون بہنے کی دھمکی نہیں دی بلکہ خدشات کا اظہار کیا تھا کہ اس معاملے سے نفرتیں اور مختلف برادریوں کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کی ماضی کی غلطیوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ اگر کسی مسئلے کی درست نشاندہی کی گئی ہے تو اس پر بات چیت ہونی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے یہ معاملہ پارٹی کے سامنے رکھنے، مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے ذریعے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی بات کی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما کے مطابق بلاول بھٹو ماضی میں بھی عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی مکالمے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ مقدمات اپنی جگہ، لیکن ملک کے مسائل زیادہ اہم ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مفاہمت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ صدر کا آئینی عہدہ کسی ایک جماعت کی وجہ سے حاصل نہیں ہوا بلکہ پیپلز پارٹی کو مختلف جماعتوں کے ووٹ ملے تھے۔ وفاقی حکومت بھی پیپلز پارٹی کے تعاون سے قائم ہوئی، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی حکومتی پالیسیوں پر تنقید نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کسی ایک ادارے یا فریق کو تمام مسائل کا ذمہ دار قرار نہیں دیا بلکہ نظام حکمرانی اور سیاسی عمل میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔ چھوٹے صوبوں کے مسائل کا حل صرف انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ سیاسی عمل کو بہتر بنانا اور سیاسی ایڈجسٹمنٹ کرنا بھی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہاں حالات بہتر ہوجاتے ہیں اور صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کارروائی پر تیار ہوتی ہے تو گورنر راج جلد ختم ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو نے گورنر راج کے نفاذ کو غلط قرار دینے کے بجائے حالات بہتر ہونے پر اسے ختم کرنے کی بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ کی باتیں ہوتی رہی ہیں، تاہم اصل مسئلہ آئین پر عمل درآمد نہ ہونا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ آئینی تقاضوں کو یقینی بنایا جائے۔