تازہ ترین

اسلام آباد کو ملک کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر

0

وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں نقد ادائیگیوں کا نظام ختم کرکے شہر کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے 31 دسمبر کی حتمی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔

اسلام آباد میں اس منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت اور ان کی تجاویز اہم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔

طلال چوہدری کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کردیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک شہر کے تقریباً 26 ہزار تاجروں کو اس نظام کا حصہ بنایا جاچکا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سڑکوں پر سامان فروخت کرنے والے چھوٹے دکانداروں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

حکومت کے اس منصوبے کے تحت اسلام آباد میں سرکاری محکموں اور کاروباری مراکز میں نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.