تازہ ترین

گیس صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، قیمتوں میں اضافے کی درخواست

0

گیس صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے مالی سال 2026-27 کے لیے اوسط مقررہ گیس قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں جمع کرا دی ہیں۔ کمپنیوں نے مجوزہ اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے سابقہ تاریخوں کے ساتھ کرنے کی درخواست کی ہے۔

سوئی ناردرن نے فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) قیمت میں 10 روپے اضافے کی تجویز دیتے ہوئے موجودہ اوسط مقررہ قیمت 1,702 روپے سے بڑھا کر 1,712.40 روپے کرنے کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب سوئی سدرن نے فی ایم ایم بی ٹی یو 366.75 روپے اضافے کی درخواست کی ہے، جس کے بعد کمپنی کی اوسط مقررہ قیمت 2,071.75 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

سوئی ناردرن نے اپنی مجوزہ گیس قیمت میں ایل این جی سروسز کے اخراجات کی مد میں 60 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ روپے بھی شامل کیے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایل این جی کی لاگت 471.16 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔

کمپنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موسم سرما میں مقامی گیس کی محدود دستیابی کے باعث اضافی گیس کی فراہمی کے انتظامات کرنا ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے 16 ایل این جی کارگو درکار ہوں گے۔

دونوں گیس کمپنیوں نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو بھی گیس قیمتیں بڑھانے کی درخواست کی وجوہات میں شامل کیا ہے۔

اوگرا سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں پر سماعت کرے گا، جس کے بعد مجوزہ قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.