ہنگو: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے دوران اغوا کیے گئے تینوں پولیس اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہنگو بصیر علی رحمان نے اہلکاروں کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں پولیس اہلکار محفوظ اور سلامت ہیں اور انہیں جلد ہنگو پہنچا دیا جائے گا۔
ضلعی پولیس افسر، علاقائی مشران اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں مغوی اہلکاروں کی بازیابی ممکن ہوئی۔
یاد رہے کہ شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے دوران مسلح افراد تین اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے تھے، جبکہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار کانسٹیبل فیروز علی شہید ہوگئے تھے۔