چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے فیصلے کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں بعض آئینی درخواستوں کی کارروائی رکنے سے قانونی اور انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں، جس کے اثرات سیاسی شخصیات کے ساتھ عام شہریوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر پاکستان تحریک انصاف کے مقدمات ڈی لسٹ کردیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو انتظامی بنیادوں پر مقدمات سماعت سے خارج نہیں کرنے چاہییں تھے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ کو مقدمات کی سماعت کرکے یہ طے کرنا چاہیے تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے فیصلے کا اطلاق کن معاملات پر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال سے متعدد پیچیدگیاں سامنے آئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس معاملے پر حکم امتناع واپس لینے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو پشاور ہائیکورٹ کو ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں متعلقہ مقدمات کی سماعت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔