وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستمبر 2026 کے دورہ لندن کے اخراجات اور سرکاری جہاز کے استعمال کی تفصیلات سامنے لانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی ہے۔
اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک میں وزیراعلیٰ کے دورہ لندن کے سفری اخراجات، سرکاری جہاز کے استعمال اور اس حوالے سے دیگر مالی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تحریک التواء کے متن کے مطابق 17 ستمبر 2026 کو سفری اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے گئے۔ یہ رقم بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے عمر عباس کی وساطت سے جمع کرائی گئی، تاہم تحریک میں رقم جمع کرانے والے اکاؤنٹ اور اکاؤنٹ ہولڈر کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے پر سوال اٹھایا گیا ہے۔
تحریک میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ آیا وزیراعلیٰ اپنی ظاہر کردہ آمدن کے مطابق اس سفر کے اخراجات برداشت کر سکتی ہیں یا نہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری جہاز سے متعلق حکومت پنجاب کی جانب سے دیے گئے جوابات کو بھی متضاد قرار دیا گیا ہے۔
متن کے مطابق جہاز چلانے کے لیے دو غیر ملکی پائلٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً 70 ہزار ڈالر بتائی گئی ہے۔
وقاص محمود نے تحریک میں معاملے کو عوامی اہمیت کا حامل اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال، مالیاتی نظم و ضبط اور قومی خزانے کے تحفظ سے متعلق تمام تفصیلات ایوان میں زیر بحث لانے کی اجازت طلب کی ہے۔