اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ نے سکیورٹی، قانون نافذ کرنے، امیگریشن، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو اسلام آباد میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے سکیورٹی ڈین جاروس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آر فور پلس ای فور فریم ورک کے تحت جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تقریباً دو ہفتے قبل اسحاق ڈار نے استنبول میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی دونوں ممالک نے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا اور مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا تھا۔