تازہ ترین

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی پیپلز پارٹی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

0

اسلام آباد میں سیاسی رابطوں کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری سے ملاقات کی۔

وفد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، سینیٹر علامہ ناصر عباس، سینیٹر ذیشان اخونزادہ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

سید نیئر حسین بخاری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کے موقف سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد کو آگاہ کردیا جائے گا۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آئین کی بالادستی، جمہوری اداروں کے استحکام اور سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں و مشاورت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئینی اور جمہوری معاملات پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کو اہم سمجھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.