پاک بحریہ کی حال ہی میں شامل کی گئی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور نے شمالی بحیرۂ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی، جس کے دوران طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے اینٹی شپ کروز میزائل سے مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق لائیو ویپن فائرنگ کا مقصد آبدوز کے ویپن سسٹمز، جنگی تیاری اور آپریشنل صلاحیت کی جانچ اور توثیق کرنا تھا، جس میں پی این ایس/ایم ہنگور نے کامیابی حاصل کی۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں ہونے والی لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آبدوز کی جنگی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور سمندر میں قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔
ترجمان کے مطابق پی این ایس/ایم ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ اس کی آپریشنل تیاری میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیت میں اضافے کی عکاس ہے۔
پاک بحریہ کے مطابق کامیاب فائرنگ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے جدید، ہمہ وقت تیار اور تکنیکی طور پر باصلاحیت بحری قوت برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ ہے۔