تازہ ترین

9 اگست کے دھرنے مؤخر، جماعت اسلامی 16 اگست کو ملک گیر احتجاج کرے گی

0

جماعت اسلامی پاکستان نے ملک بھر میں ہونے والے دھرنوں کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے 9 اگست کے بجائے 16 اگست 2026 کو احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت دھرنوں سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں چاروں صوبوں اور بڑے شہروں کے ذمہ داران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 16 اگست کو چاروں صوبوں میں بیک وقت دھرنے دیے جائیں گے۔ لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر کارکنوں کے ساتھ دھرنا ہوگا، جبکہ خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں گورنر ہاؤسز کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو جبر اور ظلم کا سلسلہ بند کرنا ہوگا، دھرنوں کے ذریعے حکومت کو مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کریں گے۔ ان کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 510 مقامات پر منظم مظاہرے کیے گئے، جن میں پٹرول کی قیمت کم کرنے اور لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف آواز اٹھائی تو حکومت سے اپنے مطالبات منوائے گئے۔ انہوں نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاعی معاہدے میں قطر، بنگلہ دیش، ایران، ملائیشیا اور انڈونیشیا سمیت دیگر اسلامی ممالک کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ تمام اسلامی ممالک کے شامل ہونے سے ایک مضبوط بلاک تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.