-اسلام آباد –وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ حج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور اب عازمین گھر بیٹھے حج درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ حج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ عازمین کو انتظار اور لمبی قطاروں سے بچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرا سکیں گے، عازمین کے پاس ادائیگی کے لیے 3 آپشنز ہیں، وہ کریڈٹ کارڈ یا پی ایس آئی ڈی سے حج اخراجات جمع کرا سکیں گے، چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم بھی جمع کرائی جاسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سرکاری حج سکیم میں لوگوں کی تعداد 107,526 ہے، پہلی قسط 17 اگست سے وصول کی جائے گی، حج اخراجات کی دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی، درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پرائیویٹ حجاج بھی پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ آپریٹر کا انتخاب کر سکیں گے، عازمین براہ راست پرائیویٹ آپریٹر کو رقم جمع نہ کریں۔